ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / افسران پاسداران انقلاب کا بھاری تنخواہیں لینے کا انکشاف!

افسران پاسداران انقلاب کا بھاری تنخواہیں لینے کا انکشاف!

Fri, 15 Jul 2016 15:59:58  SO Admin   S.O. News Service

تہران،15؍جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ایران میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے غیرمعمولی معاوضوں اور مراعات کے حوالے سے قدامت پسندوں کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ ایک فہرست نے صدر حسن روحانی کو مشکل میں ڈال دیا تھا، مگر اس کے جواب میں سوشل میڈیا پر ایک نئی فہرست بھی سامنے آئی ہے جس میں پاسداران انقلاب کے سینیر عہدیداروں کے بھاری بھرکم معاوضوں کے چونکا دینے کے والے اعدادو شمار بیان کیے گئے ہیں۔حال ہی میں ایرانی ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ تین بنک سربراہان کو بھاری تنخواہیں وصول کرنے اور بوگس مشاہرے جاری کرنے کے جرم میں ملازمتوں سے فارغ کیا گیا تھا۔ بنک سربراہان کی ملازمتوں سے سبکدوشی کو اصلاح پسندوں اور بنیاد پرستوں کے درمیان جاری سیاسی رسا کشی کا شاخسانہ بھی قرار دیا جا رہا ہے مگر دوسری جانب پاسداران انقلاب کے افسران کی غیرمعمولی مراعات اور فلک بوس مشاہروں نے ایرانی رجیم کو ایک نئی مشکل میں ڈال دیا ہے۔
ایران میں سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ مقبول ہونے والی پاسداران انقلاب کے بھاری تنخواہیں وصول کرنے والوں کی فہرست میں محکمہ تعلقات عامہ کے ایک عہدیدار رمضان شریف کو تسلیم کرنا پڑا ہے کہ پاسداران انقلاب کے سینیر عہدیدار بھاری معاوضے وصول کرتے ہیں۔ خود رمضان شریف کا ماہنانہ معاوضہ 4کروڑ 47لاکھ ایرانی تومان ہے جو امریکی کرنسی میں ایک لاکھ 36ہزار ڈالر کے مساوی ہے۔پاسداران انقلاب کی تنخواہوں سے متعلق فہرست پہلی بار 11جون کو منظرعام پرآئی تھی۔ اغلب امکان یہ ہے کہ یہ فہرست اصلاح پسندوں کی جانب سے لیک کی گئی ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ پاسدران انقلاب کی تنخواہوں سے متعلق فہرست صدر حسن روحانی کے مقربین کی جانب سے جاری کی گئی ہے جنہوں نے شدت پسندوں کی طرف سے بنک افسران کی بھوگس تنخواہوں کے معاملے پر مخالفین سے انتقام لینا چاہتے ہیں۔ایران میں پاسدران انقلاب کے سینیر افسران کی بھاری بھرکم تنخواہوں کی فہرست ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں غریب طبقہ بدترین معاشی استحصال کا سامنا کر رہا ہے۔ ایران میں نچلی سطح کے ایک عام ملازم کی تنخواہ امریکی کرنسی میں 200سے 500ڈالر کے درمیان ہے جب کہ پاسداران انقلاب کے افسران کروڑوں ڈالر تنخواہیں لے رہے ہیں۔پاسداران انقلاب کے تعلقات عامہ کے عہدیدار رمضان شریف کا کہنا ہے کہ سینیر افسران کی تنخواہوں کے بارے میں مذکورہ تفصیلات جاری کرنے کا مقصد سیاسی فضاء کو مزید مکدر کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر سیکیورٹی کے مسائل رکاوٹ نہ بنیں تو وہ بھی بڑے بڑوں کی تنخواہوں اور دیگر مراعات کی تفصیلات جاری کرسکتے ہیں۔
مذکورہ فہرست کے مطابق پاسداران انقلاب کے چیف جنر محمد علی جعفری کی ماہانہ تنخواہ 1لاکھ 81ہزار ڈالر، القدس ملیشیا کے سربراہ جنرل قسم سلیمانی کی 1لاکھ 70ہزار، پاسداران کے ڈپٹی چیف جنرل حسین سلامی کی 1لاکھ 68ہزار، میزائل یونٹ کے سربراہ علی جاجی زادہ کی 96ہزار،پاسیج فورس کے سربراہ محمد رضا نقدی کی ایک لاکھ 58ہزار، پاسداران انقلاب کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ رمضان شریف کی ایک لاکھ 36ہزار، بری فوج کے سربراہ جنرل باکپور کی ایک لاکھ 55 ہزار،خاتم الانبیا بریگیڈ کے کمانڈر غلام علی رشید کی 1لاکھ 66ہزار اور نیول چیف علی فدوی کی ایک لاکھ 41ہزار ڈالر تنخواہ بتائی جاتی ہے۔


Share: